میہڑ (جسارت نیوز) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات اور سابق سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی بھی صورت دریائے سندھ سے کینال نکالنے کی حمایت نہیں کرتی، صدر زرداری نے کینالز کے حوالے سے کسی بھی سمری پر دستخط نہیں کیے، ہم متعلقہ فورمز پر پانی کے مسئلے پر لڑ رہے ہیں اور اگر اس کے باوجود کینال نکالی گئیں تو احتجاج اور سڑکوں پر بڑے پیمانے پر مظاہرے کریں گے، مخالفین پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کر کے اپنی سیاست چمکا رہے ہیں، 6 کینال تو دور، 6 پانی کے قطرے چرانے والوں کے ہاتھ کاٹ دیں گے۔ یہ بات انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر میہڑ میں عاجز دھامراہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک روحانی شخصیت، جو جی ڈی اے کی سرپرست بنی ہوئی ہے، کینالز کے مسئلے پر بات کیوں نہیں کرتی؟ وہ مخصوص ادارے کے ترجمان بنی ہوئی ہیں۔ ایس یو پی کے رہنما زین شاہ کے بھائی جلال محمود شاہ نے کالا باغ ڈیم کی قرار داد اسمبلی میں پیش کی اور اس دوران اسمبلی کی لائٹس بند کرائی تھیں، مخالفین صرف پیپلز پارٹی کی مخالفت کر کے اپنی سیاست کر رہے ہیں۔ عاجز دھامراہ نے کہا کہ ہماری حکومت نے سندھ میں ترقیاتی کام، صحت اور تعلیم کے میدان میں بہترین کام کیا ہے، ہم اس پر مخالفین کے ساتھ بحث اور مذاکرات کے لیے تیار ہیں، پیپلز پارٹی حکومت نے جتنی نوکریاں دی ہیں، کوئی اور نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میہڑ کے پیپلز پارٹی مخالفین پارٹی کے رہنماؤں اور اُمیدواروں کے خلاف بات کرتے ہیں اور پھر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کے کارکن پسند نہیں تو پارٹی میں شامل ہونے کی خواہش کیوں رکھتے ہیں؟ 97 کے دور کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو آج سندھ کے ہمدرد ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، وہ اس وقت کالا باغ ڈیم کے حمایتی تھے۔ عاجز دھامراہ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کو کسی جماعت یا قوم پرست سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پر کالا باغ ڈیم کی حمایت کے الزامات لگتے تھے، لیکن انہوں نے احتجاج کر کے ثابت کیا کہ وہ اس کی مخالف ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی کینالز کے حوالے سے جھوٹے الزامات سے بری ہیں، اگر کسی بھی فورم پر دریائے سندھ کے پانی کے سودے کی بات ہوئی، تو میں عاجز دھامراہ خود لاکھوں کارکنوں کے ساتھ سڑکوں پر ہوں گا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں پیپلز پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران بینظیر بھٹو کی تصویر کے سامنے موم بتیاں جلا کر خراج عقیدت پیش کیا۔