اسلام آباد(کامرس یسک)وزیر اعظم آفس نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تعاون سے،دیہی علاقوں کی نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تیار کیے گئے ’’اچیوو پروگرام‘‘ کے شرکا کے ساتھ ایک سیشن کی میزبانی کی۔جے ایس بینک کے تحت چلنے والے زندگی(Zindigi)،دی کنگز ٹرسٹ انٹرنیشنل اور پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (PAGE)کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ اس پرگرام کا مقصد 300 سے زائد لڑکیوں کو پیشہ ورانہ ترقی کے لیے درکار ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔سیشن کی قیادت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی، اس سیشن میں اہم اسٹیک ہولڈرز کی آراء پیش کی گئیں ۔’اچیوو پروگرام ‘ایک جامع تربیتی ماڈل پیش کرتا ہے جس میں لیڈرشپ ،خودحفاظتی، ڈیجیٹل خواندگی اور تکنیکی مہارتوں پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ،’’ایک بااختیارخاتون ہی بااختیار پاکستان کی ضمانت ہے ۔ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کریں جو مضبوط اور قابل خواتین کی صلاحیتوں کو قبول کرنے کے لیے تیار ہو۔‘‘