چیئر مین ایف بی آر کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر شدید ردعمل

115
non-filers to be banned, FBR

پشاور(کامرس ڈیسک)گزشتہ روز فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن (FCAA)خیبر پختونخواکے آفس میں ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت ضیاء الحق سرحدی منعقد ہوا جس میںسینئر نائب صدر خالد شہزاد ، نائب صدر امتیاز احمد علی،جنرل سیکرٹری میاں وحید باچہ، ممبرایگزیکٹیو کمیٹی اعظم شریف ، حاجی عظیم، منصور احمد، جاوید خان، آصف علی، ناصر شنواری، طارق آفریدی اور ارشد خان کے علاوہ دیگر ممبران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں گزشتہ دنوں ایف بی آر کے چیئرمین نے پاکستان بھر کے تمام کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس کی خدمات اور کردار کے حوالے سے حالیہ بیان کی شدید مذمت کی اور اجتماعی کاروائی کرنے کا عزم کیا۔فرنٹیئر کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری اور کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس چیئرمین ایف بی آر کے متنازعہ اور غیر ذمہ دارانہ بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتی ہے۔اپنے بیان میں چیئرمین نے بعض کاروباری افراد کو’’ کالی بھیڑیں ‘‘ اور’’ بلیک میلرز‘‘ جیسے نازیبہ القابات سے نوازا۔جو کسی بھی اعلی عہدے پر فائز شخص کے لئے نہایت غیر موزوں اور غیر پیشوارانہ عمل ہے۔کسٹم کلیئرنگ برادری نے چیئرمین کے ان الفاظ کو توہین آمیز اور ناقابل قبول قرار دیا ہے اور کہا کہ ایسے بیانات نہ صرف کاروباری افراد کی عزت اوروقار کو مجروح کرتے ہیں بلکہ اداروں اور عوام کے درمیان پہلے سے موجود خلیج کو مزید گہرا کرتے ہیں۔چیئرمین کا یہ رویہ اس عہدے کی اخلاقی اقدار کے بھی منافی ہیں جس کی وہ نمائندگی کرتے ہیں ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کاروباری افراد ہی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ صرف کاروباری ماحول کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ ملکی معیشت کے استحکام کے لئے بھی خطرہ ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ ہم بطور کسٹم ایجنٹس صرف کلیئرنس کے عمل میں سہولت فراہم کرتے ہیں اور سامان کے برائے راست فائدہ اٹھانے والے نہیں ہیں ۔