نئی دہلی (اسپورٹس ڈیسک )سابق بھارتی کرکٹر نمن اوجھا کے والد کو غبن کے ایک کیس میں مجرم قرار دے کر 7 سال قید کی سزا سنا دی گئی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر کے والد ونے اوجھا ان 4 افراد میں شامل تھے جنہیں مدھیا پردیش کے ضلع بیتول میں بینک آف مہاراشٹرا کی برانچ میں 11 سال قبل 1.25 کروڑ روپے کی خردبرد کے الزام میں سزا دی گئی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے 6افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا ۔ملٹی ایڈیشنل سیشن کورٹ نے منگل کو اس کیس کا فیصلہ سنایا۔ رپورٹ کے مطابق 11 سال قبل ونے اوجھا بینک میں برانچ مینیجر تھے۔ ان پر اب قید کے علاوہ7 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس غبن کے ماسٹر مائنڈ، ابھیشیک رتنم کو 10 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔