مختلف حادثات میں خاتون سمیت8افراد جاں بحق

66

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات واقعات میں خاتون سمیت 8افراد جاںبحق ہوگئے ، دیگر واقعات میں 7افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق قائد آباد تھانے کی حدو د لانڈھی گلشن بونیر میں واقع ایک گھر میں داخل ہوکر 2نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک خاتون کو قتل کردیا، جس کی شناخت40 سالہ رضیہ زوجہ ثنا اللہ کے نام سے ہوئی ۔ خاتون کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی12 سالہ بیٹی نے پولیس کو ابتدائی معلومات میں بتایا کہ میں نے گھر میں 2نامعلوم افراد کو دیکھا جنہوں نے فائرنگ کرکے میری والدہ کو قتل کردیا۔ مقتولہ کا شوہر چوکیدار ہے اور اس کے 2بچے ہیں جب کہ مقتولہ کا آبائی تعلق محسود قبیلہ وزیرستان سے ہے۔پولیس مختلف پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے قتل کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ابتدائی طور پر قبائلی یا ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد قتل کی وجوہات سامنے آئیں گی۔ شارع نور جہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک جے ریمبو بیکری پر تعینات سیکیورٹی گارڈ گذشتہ شب تلخ کلامی کے بعد طیش میں آگئے جھگڑے کے دوران ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی ،فائرنگ کی زد میں آکر سیکورٹی گارڈ 36 سالہ عباس علی ولد محمد بخش جاں بحق ہوگیا ۔فائرنگ کرنے والے سیکورٹی گارڈ کانام رفیق معلوم ہوا ہے جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ مقتول کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کا بتانا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں اور ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ شاہ لطیف کے سیکٹر 16 بی میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے مویشیوں کے بیوپاری 55 سالہ سرفراز کو گھر کی دہلیز پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جو زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، واقع میں ملوث ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔شاہ فیصل کے علاقے ڈرگ روڈ ریلوے ٹریک پر ٹرین کی زد میں آکر 40سالہ عارف مسیح ولد صادق مسیح نامی شخص ہلاک ہوگیا ،متوفی کی لاش کو قانونی کاروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔زمان ٹاون کے علاقے کورنگی چکرا گوٹھ گلی نمبر 02 کے قریب گھر سے 24سالہ کنور ولد ہنجور لعل کی پھندا لگی لاش ملی ،متوفی کی لاش کو قانونی کاروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی نے حالات سے تنگ آکر خود کشی کی ہے تفتیش کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آسکیں گے ۔منگو پیر تھانے کی حدود منگو پیر فلٹر پلانٹ کے قریب نہر سے 45سالہ خاتون کی ڈوبی ہوئی لاش ملی ۔