پاک چین تاریخی تعلقات کی بنیاد مشترکہ احترام اور بھروسا ہے،وزیراعظم

58
اسلام آباد :وزیراعظم شہبازشریف کا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور چین کے بانی ماؤزے تنگ کے مجسموں کی نقاب کشائی کی تقریب کے موقع پر چینی مجسمہ ساز ودیگر کے ساتھ گروپ فوٹو

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین تاریخی تعلقات کی بنیاد مشترکہ عزت اور بھروسا ہے۔پرائم منسٹر ہاؤس پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز چینی آرٹسٹ و مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم (Yaun Xikum) نے ملاقات کی، جس میں چیئرمین ماؤ زے تنگ کی بھتیجی مادام ماؤ شیاؤ چنگ بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر ماسٹر یوآن کے بنائے ہوئے قائد
اعظم محمد علی جناح اور چیئرمین ماؤ زے تنگ کے اسکلپچرز کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جو 25 دسمبر کو قائد اعظم اور 26 دسمبر کو ماؤ زے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی گئی۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ماسٹر یوآن کو خوش آمدید کہا۔ وزیراعظم نے قائد اعظم اور چیئرمین ماؤ کے شاندار اسکلپچرز بنانے پر ماسٹر یوآن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ تقریب تاریخی ہے۔ دونوں لیڈرز کے اسکلپچرز ماسٹر یوآن کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے نئی اسلامی مملکت پاکستان کی بنیاد رکھی جب کہ جدید چین کی بنیاد رکھنے میں چیئرمین ماؤ کا کلیدی کردار تھا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چیئرمین ماؤزے تنگ کی عزت و احترام ہر پاکستانی کے دل میں ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیاد مشترکہ عزت و احترام اور بھروسے پر مبنی ہیں۔ چین اور پاکستان دونوں قدیم تاریخی ورثوں کے امین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جون میں اپنے دورہ? چین کے دوران شیان میں ٹیرا کوٹا واریئرز میوزیم جانے کا اتفاق ہوا جو کہ انتہائی متاثر کن تاریخی ورثہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ علاوہ ازیں:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قزاقستان میں آذربائیجان کے ہوائی جہاز کو پیش آنے والے حادثے اور اس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام آذربائیجان کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے سفارت خانے گئے اور آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔انہوں نے زخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام آذربائیجان کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے مابین مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی بھائی چارے کے مضبوط تعلقات ہیں۔آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے وزیراعظم کا ان کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وزیراعظم پاکستان کا آذربائیجان کے سفارت خانے آ کر اظہار افسوس کرنا ہمارے لیے انتہائی قابل قدر ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔مزید برآں:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے جس میں 13 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا۔جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان کارروائیوں میں 13 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر محمد اویس کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے شہید میجر اویس کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہید میجر اویس کو سلام پیش کرتی ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔