کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے صوبے میں بے نظیر کسان کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے محکمہ زراعت کی سمری پر کسان کارڈ کی منظوری دے دی، کسان کارڈ کے تحت بلوچستان کے چھوٹے زمینداروں کو سبسڈی دی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی، کسان کارڈ کے لئے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی دو سال کے لئے کلاؤڈ سسٹم قائم کرے گی۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ کسان کارڈ صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے کسان دوست وژن کا حصہ ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سندھ اور بلوچستان کے ہاریوں کی بہبود کیلئے جامع حکمت عملی پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ کسان کارڈ کا پہلا مرحلہ بلوچستان حکومت اپنے وسائل سے شروع کر رہی ہے، دوسرے مرحلے میں وفاقی حکومت سے معاونت حاصل کی جائے گی۔