چین کے ممکنہ جدید ترین سکستھ جنریشن ایئرکرافٹ کی تصاویراورویڈیووائرل

177
China's Potentially Advanced Sixth Generation

بیجنگ : چین کے غیرمعمولی ڈیزائن کے حامل ممکنہ سکستھ جنریشن ایئرکرافٹ کی ویڈیو اور تصاویر منظر عام پر آگئیں۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز میں ایک منفرد اور غیرمعمولی ڈیزائن کے حامل طیارے کو فضاء میں پرواز کرتے دیکھا جاسکتا ہے جس کے ساتھ ایک چینی جے 20 اسٹیلتھ طیارہ بھی اُڑ رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق غیر روایتی ڈیزائن کا حامل یہ طیارہ ممکنہ طور پر چین کا سکستھ جنریشن طیارہ ہوسکتا ہے۔ اس طیارے میں جدید ترین اسٹیلتھ ٹیکنالوجی بھی شامل ہوسکتی ہے جس سے اس طیارے کو ریڈار پر دیکھنا تقریباً ناممکن ہوگا۔

غیرملکی ایوی ایشن ویب سائٹ کے مطابق طیارے نے تجرباتی پرواز کیلئے چین کے چینگ ڈو ایئرکرافٹ کارپوریشن سے اڑان بھری۔

واضح رہے کہ تاحال طیارے کی شناخت کے حوالے سے کوئی حتمی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں، ماہرین کا گمان ہے یہ طیارہ نئے چینی سکستھ جنریشن طیارے یا ففتھ جنریشن بمبار طیارے میں سے کوئی ایک ہوسکتا ہے۔