لاہور: پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف پی ٹی آئی مذاکرات کی بات کر رہی ہے، جبکہ دوسری طرف سول نافرمانی کی تحریک چلا رہی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کے خلاف اکسا رہے ہیں، خاص طور پر زلفی بخاری، شہباز گل اور شہزاد اکبر جیسے رہنما اس مہم میں پیش پیش ہیں، پی ٹی آئی کا یہ دوہرا معیار پاکستان کی سالمیت کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کی ملک دشمن مہم کو مسترد کر دیا ہے اور اس سال کے دوران سب سے زیادہ ریکارڈ ترسیلات زر بھیجے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سچ ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما امریکی غلامی سے آزادی کے دعوے کرتے رہے ہیں، لیکن اب وہ امریکہ سے مداخلت کی درخواستیں کر رہے ہیں تاکہ اپنے سیاسی مفادات کا تحفظ کر سکیں۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ این آر او کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، اور ان کی امریکی لابی سے تعلقات مزید ظاہر کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف نے واضح طور پر امریکہ کو “ایبسلوٹلی ناٹ” کہہ دیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں کسی بھی غیر ملکی مداخلت کو مسترد کرتا ہے اور کسی بھی صورت میں اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔