سیاستدان ضد چھوڑ کر سیاسی مسائل کاسیاسی حل نکالیں

46

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے کہا ہے کہ سیاست دان ضداورہٹ دھرمی چھوڑ کر سیاسی مسائل کا سیاسی حل نکالیں ۔ قومی ترجیحات پر قومی ڈائیلاگ ہی بحرانوں کا حل ہے۔ سیاسی، جمہوری، پارلیمانی قیادت ریاستی اداروں کے سہارے تلاش نہ کرے۔ ان بدترین حالات کی مکمل ذمہ داری سیاسی قیادت پر ہوتی ہے۔موجودہ حالات کے تناظر میں معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چاہیے۔ بے یقینی اور سیاسی عدم استحکام کی فضا کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی بحران کے خاتمہ کے لیے قومی سیاسی قیادت مجرمانہ انحرف کا کردار ادا کررہی ہے،حکو متی اتحاد اور پی ٹی آئی نے ہوسِ اقتدار میں آئینی، سیاسی، پارلیمانی اور اخلاقی اقدار کو تباہ کرکے قومی سیاست کو گھر گھر کی لڑائی بنا دیا ہے۔ سیاسی مخالفت کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنا انتشار اور افراتفری کو ہوا دینے کے مترادف ہے ۔ ملک میں جارحانہ سیاست کی گنجائش نہیں۔سیاسی انتہا پسندی، شدت انتقام اور توہین آمیز رویے مرحلہ وار تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات نے ثابت کردیا ہے کہ سیاستدان اس قدر اہل بھی نہیں کہ آپس کے معاملات کوبیٹھ کر حل کرسکیں ۔اپنے سیاسی مسائل خود حل نہ کرنے کی صلاحیت سے عاری سیاسی قیادت نے عدالتوں میں سیاسی مقدمات دائر کر کے سیاست اور عدالت کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی دنیا بھر میں رسوا کردیا ہے۔ دونوں دھڑے اسٹیبلشمنٹ کے رحم و کرم پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت، سماجی نظام، لاقانونیت، جرائم میں ہوشربا اضافہ نے پوری قوم کو ہلا کررکھ دیا ہے۔ سیاسی جمہوری قیادت کے قدموں کے نیچے سے زمین کھسکتی جا رہی ہے۔