ٹنڈوجام،الخدمت فائونڈیشن کے تحت ایک روزہ مفت طبی کیمپ

54

ٹنڈوجام(نمائندہ جسارت)الخدمت فائونڈیشن ٹنڈوجام کا قائداعظمؒ کی یوم پیدائش پر ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد مریضوں کی بڑی تعداد نے فائدہ اُٹھایا۔ تفصیلات کے مطابق الخدمت فائونڈیشن ٹنڈوجام کی جانب سے قائد اعظم ؒ کی یوم پیدائش پر ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ سینے کے امراض سے متعلق لگایا گیا جس میں معروف اسپیشلسٹ ڈاکٹر پردیپ کمار سونی نے مریضوںکواپنی ٹیم کے ہمراہ مفت چیک کرکے انہیں طبی مشورے دیے۔انہوں نے کہا سردی کی بڑھنے کی وجہ سے سینے کے امراض میں اضافہ ہوا ہے لوگوں کو چاہیے گرم کپڑوں کے ساتھ قہوہ چائے اور سبز چائے کا بھی استعمال کریں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے کونسلر جنرل سیکرٹری الخدمت فائونڈیشن طاہر اسامہ نے کہا قائداعظمؒ کو اس مفت میڈیکل کیمپ کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا ہے آپ ؒ کی زندگی کا مشن بھی قوم کی خدمت کرناتھا اور الخدمت فائونڈیشن کامقصد بھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے ۔انہوں نے کہا اگر قائداعظمؒ کے اصولوںپر پاکستان کو چلایا جاتا تو آج ہر طرف امن و آشتی اور خوشحالی کا دور ہوتا ۔کیمپ سے بڑی تعداد میں مریضوں نے فائدہ اُٹھایا اور الخدمت فائونڈیشن ٹنڈوجام کی خدمات کو سراہا۔