دادو: مویشی منڈی کا ٹھیکیدار غیر قانونی ٹھیکا دینے پر پھٹ پڑا

51

دادو (نمائندہ جسارت) مویشی منڈی کے ٹھیکیدار منصور علی بھنڈ نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مویشی منڈی دادو کا ٹھیکیدار ہوں، ٹھیکہ مارکیٹ کمیٹی والوں نے دیا ہے، جو 2025 میں ختم ہوگا، بغیر کسی وجہ میونسپل کمیٹی کے سی ایم او جاوید راہپوٹو نے مویشی منڈی کا ٹھیکہ غلام حیدر کھوسو کو دے دیا، جو غیر قانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2008 سے مویشی منڈی کا ٹھیکہ مارکیٹ کمیٹی کے تحت دیا جاتا ہے، جب صوبائی وزیر پیر مظہرالحق اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ تھے۔ اس وقت نوٹیفکیشن کے ذریعے مویشی منڈی کا ٹھیکہ مارکیٹ کمیٹی کے نام کیا گیا تھا، تب سے مویشی منڈی لگانے کا ٹھیکہ میونسپل انتظامیہ سے وزیر اعلیٰ کی منظوری کے تحت مارکیٹ کمیٹی کے سپرد کیا گیا ہے، ہر سال مارکیٹ کمیٹی ٹینڈر کے ذریعے ٹھیکا دیتی ہے۔ اس بار میونسپل انتظامیہ نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے بغیر نوٹیفکیشن منڈی کا ٹھیکہ ٹھیکیدار غلام حیدر کھوسو کو دے دیا، ہم نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی ہے جنہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کو معاملے کی تحقیقات کے لیے لکھا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے دونوں فریقوں کو بلا کر دستاویزات چیک کیں اور رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو دی۔ ڈی سی نے رپورٹ کمشنر حیدرآباد کو بھیجی، جس پر کمشنر نے ڈی سی کو خط بھیجا کہ صورتحال کو موجودہ حالت پر رہنے دیا جائے۔