اولمپکس میں تمغے لینے والے کھلاڑیوں کو انعام دینے کا اعلان

92

اسلام آباد(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان اسپورٹس بورڈ نے میڈلسٹ کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقم میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت سمر، ونٹر اور پیرا اولمپکس گیمز کے گولڈ میڈلسٹ کو اب ایک کروڑ روپے انعام ملے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر 75لاکھ روپے اور کانسی کے تمغے پر 50 لاکھ روپے انعام ہوگا۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں سونیکا تمغہ جیتنے پر 50 لاکھ، چاندی کے تمغے پر 30لاکھ اور کانسی کے میڈل پر 20 لاکھ روپے انعام ہوگا جبکہ اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کے لیے بالترتیب 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 2 لاکھ روپے انعام رکھا گیاہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بلائنڈ ورلڈ گیمز اور ڈیف اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ کو مختلف کیٹیگریز میں 20لاکھ،10لاکھ اور5لاکھ انعام ملے گا جبکہ کامن ویلتھ اور اسلامک سولیڈیر یٹی گیمز میں پیرا ایتھلیٹس کو گولڈ میڈل جیتنے پر 50 لاکھ روپے ملیں گے۔ اسپورٹس بورڈ کے مطابق ایشین چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹس کو20لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائیگی، نیشنل گیمز اور قائد اعظم گیمزکے انفرادی گولڈ میڈل ونرز کو 10لاکھ روپے ملیں گے، سلور اور برونز میڈلسٹ کو بدستور 5 لاکھ اور 2 لاکھ 50 ہزار روپے کا انعام ملے گا۔نیشنل گیمز اور قائد اعظم گیمزکیٹیم ایونٹ کے میڈلسٹس کا انعام 5 لاکھ، 2 لاکھ 50 ہزار اور ایک لاکھ روپے کر دیاگیا ہے۔