عبداللہ گورنمنٹ کالج میں انٹر کالجیٹ کھو کھو چمپئن شپ کا انعقاد

76

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)گورنمنٹ گرلز کالج النور نے فائنل میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین ناظم آباد کو شکست دے کر پہلی عبداللہ کالج انٹر کالجیٹ کھو کھو چمپئن شپ جیت لی۔ عبداللہ گورنمنٹ کالج برائے خواتین کے زیر اہتمام اور سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے تعاون سے عبداللہ کالج برائے خواتین نارتھ ناظم آباد میں منعقدہ رنگا رنگ ایونٹ کے فائنل میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین ناظم آباد کو دل چسپ مقابلے کے بعد یمپئن گورنمنٹ کالج النور نے 9 کے مقابلے میں 3 پوائنٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ڈی پی ای بتول کاظم نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں ضلع وسطی سے اٹھ ٹیموں نے حصہ لیا جن میں سرسید گورنمنٹ گرلز کالج ناظم آباد،گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین ناظم آباد،گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج بلاک کے نارتھ ناظم آباد،ایچ ائی عثمانیہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ،گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج النور 19 ایف بی ایریا،اپوا گورنمنٹ کالج برائے خواتین کریم آباد ،نشتر گورنمنٹ کالج برائے خواتین 11-B نارتھ کراچی اور میزبان عبداللہ گورنمنٹ کالج برائے خواتین شامل ہیں۔ بتول کاظم نے کہا کہ میں سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے ساتھ کالج کی پرنسپل ، اساتذہ اور کالج کے طلباء کی طرف سے فراہم کردہ ناقابل یقین تعاون اور رہنمائی کے لئے تہہ دل سے شکر گزار ہوں انہوں نے کہا کہ سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کا کھو کھو کے کھیل کو فروغ دینے ، ٹورنامنٹ کے انعقاد ،تربیت کے مواقع فراہم کرنے میں آپ کی کوششیں واقعی قابل ذکر ہیں بلکہ آپ نے اس خوبصورت کھیل سے جڑے ثقافتی ورثے کو بھی محفوظ کیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر نوید رب صدیقی ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ نے زوہیب میمن کے ہمراہ بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ٹورنامنٹ کے حوالے سے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔