پارا چنار :راستے بند ،جاں بحق بچوں کی تعداد 100 سے متجاوز ،دھرنا جاری

62

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاراچنار میں ڈھائی ماہ سے راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں کا دھرنا ساتویں روز بھی جاری ۔تحصیل چیئرمین اپرکرم آغا مزمل نے کہا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث شہری خوراک و علاج سے محروم ہیں، علاج کی سہولیات نہ ملنے سے 100 سے زاید بچے دم توڑ چکے ہیں۔دوسری جانب ڈی سی کرم کا کہنا ہے کہ علاقے میں قیام امن کے لیے آج گرینڈ جرگہ مذاکرات شروع کر رہا ہے، مذاکراتی عمل کے لیے گرینڈ امن جرگہ ضلع کرم پہنچ گیا ہے۔پارا چنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے کراچی کی نمائش چورنگی اور لاہور پریس کلب پر بھی احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔ راستوں کی بندش کے حوالے سے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ پارا
چنار روڈ کے لیے اسپیشل پولیس فورس کے قیام کی منظوری دی ہے، حکومتی اقدامات کا مقصد علاقے میں صدی پرانے تنازع کا پائیدار اور مستقل حل ہے۔خیال رہے پارا چنار میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے قبائل کے درمیان تصادم جاری ہے جس میں 100 سے زاید ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ کشیدہ حالات کے باعث گزشتہ ڈھائی ماہ سے ضلع کے تمام چھوٹے بڑے راستے بند ہیں۔