سیکورٹی فورسز کا جنوبی وزیرستان میں آپریشن،13 دہشت گرد ہلاک

68

راولپنڈی‘لاہور (آن لائن‘صباح نیوز) جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے13 خارجی دہشت گرد جہنم واصل کردیے، آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے سرا روغہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں کے ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، علاقے کو خارجی دہشت
گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔علاوہ ازیں صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کامیاب آپریشن پرسیکورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ صدر مملکت نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، قوم کوسیکورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے، ملک سے دہشت گردی کی مکمل سد باب تک ہماری دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی ۔