پاکستان کے میزائل پروگرام پر گفتگو کی تیاری ہے، امریکی ایلچی کا انکشاف

123

واشنگٹن:امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے انکشاف کیا ہے کہ نامزد وزیر خارجہ پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران رچرڈ گرینل نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت کے حامل ممالک کے ساتھ معاملات کو منفرد طریقے سے ڈیل کیا جاتا ہے، اور یہ معاملہ بھی اسی نوعیت کا ہے۔

پاکستان کی سابقہ حکومت سے تعلقات اور عمران خان کا تذکرہ

رچرڈ گرینل نے سابق پاکستانی حکومت کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کے تعلقات کو  بہترین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے پہلے دور اقتدار میں پاکستان کے ساتھ تعمیری تعلقات قائم رہے۔ عمران خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ دونوں سیاست میں مورثی طور پر نہیں آئے، اور ان پر لگائے گئے الزامات بھی ایک جیسے ہیں۔

عمران خان کی رہائی کا مطالبہ

رچرڈ گرینل نے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ ان پر عائد الزامات اور سیاسی مقدمات کی نوعیت وہی ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ کو درپیش ہے۔ انہوں نے امریکی وزارت خارجہ کے موجودہ ترجمان میتھیو ملر کی بات چیت کو پیچیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت کی اصل ضرورت عمران خان کی رہائی ہے۔

پاکستانی میزائل پروگرام اور امریکی پابندیاں

پاکستان کے میزائل پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رچرڈ گرینل نے کہا کہ اس موضوع پر عالمی برادری کی تشویش موجود ہے۔ واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستانی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

عالمی صورت حال اور پاک امریکا تعلقات  پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے تعلقات پر گہرے اثرات ڈال سکتی ہے، اور پاکستان کے لیے یہ ایک اہم وقت ہے کہ وہ اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے عالمی دباؤ کا مقابلہ کرے۔