سیاحوں کی کشتی الٹنے سے شمالی گوا میں متعدد افراد کی ہلاکت کا خدشہ

142

شمالی گوا (بھارت) میں سیاحوں کی کشتی الٹنے سے متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ غوطہ خوروں نے ایک لاش نکال لی ہے۔ یہ کشتی پرتگالیوں کی سابق نو آبادی گوا کے شمالی ساحل پر اونچی لہروں اور تیز ہواؤں کے باعث الٹ گئی۔

جس سیاح کی لاش ملی ہے اس کی عمر 54 سال تھی۔ دو بچوں اور متعدد خواتین سمیت 22 افراد کو نکال لیا گیا۔ گوا کا شمار بھارت کی ان ریاستوں میں ہوتا ہے جو دل کش قدرتی نظاروں کی بدولت ملک بھر کے سیاحوں کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ گوا میں ہر سال لاکھوں افراد بھارت کے مختلف ریاستوں سے سیر و تفریح کے لیے آتے ہیں۔

ایک مدت تک پرتگال کے کنٹرول میں رہنے کے باعث گوا کی آبادی میں یورپی نسل کے لوگ بھی شامل ہیں اور یہاں کی ثقافت پر یورپ کے اثرات نمایاں ہیں۔ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلے میں گوا ثقافتی اعتبار سے بہت الگ تھلگ دکھائی دیتی ہے۔