اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے قازقستان میں آذربائیجان کے مسافر طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بدھ کے روز قازقستان میں آذربائیجان ایئرلائنز کا ایک مسافر طیارہ ایئر پورٹ کے قریب گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 30 سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔
قازق حکام نے بتایا کہ آذربائیجان ایئر لائنز کے طیارے کو ’اوکتاؤ‘ شہر کے قریب گرتے ہی آگ لگ گئی تاہم ایمرجنسی سروس نے اس آگ پر قابو پالیا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر آذربائیجان کی حکومت ، صدر اور عوام سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
اس حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں اور دکھ کی گھڑی میں متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔