کرکٹ کے اس وقت کے بڑے ایونٹ چیمپئنز ٹرافی، جس کا شائقین کو انتہائی شدت سے انتظار ہے، 19 فروری 2025ء سے بڑے مقابلوں کے ساتھ خون گرمانے کے لیے قریب آتا جا رہا ہے۔
ویسے تو میگا ایونٹ میں کل ملا کر 15 مقابلے شیڈول ہیں، جن کے لیے 8 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی، تاہم 5 مقابلے شائقین کرکٹ کی توجہ کا خاص مرکز ہوں گے، جو کرکٹ دیکھنے کے خواہش مندوں کی دھڑکنوں کو تیز کرنے کا سبب بنیں گے۔
1۔ پاکستان بمقابلہ بھارت (دبئی:23 فروری)
روایتی حریف ممالک پاکستان اور بھارت 23 فروری کو دبئی کے میدان میں مدِمقابل ہوں گے، جو یقینی طور پر کرکٹ مداحوں کے لیے ایک یادگار دن ثابت ہونے والا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں یہ دونوں ٹیمیں 5 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جہاں پاکستان کو 2-3 کی برتری حاصل ہے۔ ان میں سب سے زیادہ یادگار مقابلہ 2017 کے فائنل کا تھا، جب سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دی تھی۔
2۔ آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقا(راولپنڈی:25 فروری)
جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان سنسنی خیز ٹکراؤ ہمیشہ سے کرکٹ کے شائقین کو محظوظ کرتا آیا ہے۔ 2023 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل کی یادیں اب بھی شائقین کے دلوں میں تازہ ہیں اور چیمپئنز ٹرافی میں آنے والا یہ دلچسپ ٹاکرا بھی اسی شدت کے ساتھ دیکھا جائے گا۔
3۔ افغانستان بمقابلہ آسٹریلیا (لاہور:28 فروری)
افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہ میچ بھی خاص دلچسپی کا مرکز ہوگا۔ خاص طور پر 2023 ورلڈ کپ کی یاد تازہ کرتے ہوئے جب آسٹریلیا نے تقریباً شکست کو فتح میں بدل دیا تھا۔ تاہم بعد میں ٹی 20ورلڈ کپ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو تاریخی شکست دے کر حساب برابر کر دیا تھا۔
4۔ انگلینڈ بمقابلہ جنوبی افریقا (کراچی:یکم مارچ)
انگلینڈ کی خراب کارکردگی کے باوجود یہ ٹیم اپنی بے پناہ صلاحیتوں کی بنا پر خطرناک حریف ثابت ہو سکتی ہے۔ جنوبی افریقا کے ساتھ اس مقابلے میں دونوں ٹیمیں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گی اور یہ میچ کراچی کے میدان میں کرکٹ شائقین کے لیے یادگار بننے کا امکان ہے۔
5۔ بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ (دبئی:2 مارچ)
نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان ہونے والا یہ میچ آئی سی سی ایونٹس کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر سکتا ہے۔ 2003 کے بعد 2023 وہ پہلا موقع تھا جب بھارت نے نیوزی لینڈ کو کسی آئی سی سی ایونٹ میں شکست دی اور اس بار بھی شائقین ایک سخت مقابلے کی امید کر رہے ہیں۔
یہ پانچوں میچز چیمپئنز ٹرافی 2025 کو یادگار بنانے میں سب سے بڑا کردار ادا کریں گے۔ شائقین بے تابی سے ان سنسنی خیز مقابلوں کا انتظار کر رہے ہیں۔