اخوان المسلمون کے اقتصادی اور خارجہ امور کے سرکردہ رہنما یوسف ندا 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
یوسف ندا 1931ء میں اسکندریہ (مصر)میں پیدا ہوئے۔وہ نوعمری کے دنوں ہی میں اخوان المسلمون سے وابستہ ہوگئے تھے اور ساتھ ہی انہوں نے تجارت کا شعبہ اختیار کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا اور ایک کامیاب بزنس مین کے طور پر سامنے آئے۔ انہوں نے اسٹیل اور سیمنٹ کے شعبوں میں اپنا نام بنایا جسے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔
زندگی کی مختصر جھلکیاں
یوسف ندا نے ’’التقویٰ اسلامک بینک‘‘کی بنیاد رکھی، جسے امریکا اور سوئٹزرلینڈ کی جانب سے دہشت گردی کی مالی معاونت کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔
ابتدائی جدوجہد
یوسف ندا نے 1947 میں اخوان المسلمون میں شمولیت اختیار کی اور 1951 میں برطانوی فورسز کے خلاف جنگوں میں حصہ لیا۔ بعد ازاں 1954 میں مصری صدر جمال عبدالناصر پر ناکام قاتلانہ حملے کے بعد(جس کا الزام اخوان المسلمون پر عائد کیا گیا) یوسف ندا اور تنظیم سے وابستہ درجنوں دیگر کارکنوں اور رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔
اخوان المسلمون کے رہنما یوسف ندا بعد ازاں 1960 میں مصر چھوڑ کر لیبیا اور پھر یورپ منتقل ہو گئے، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کا زیادہ تر حصہ اٹلی اور سوئٹزرلینڈ میں گزارا۔
اخوان المسلمون کے لیے خدمات
یوسف ندا نے خود کو اپنی ویب سائٹ پر اخوان المسلمون کا مندوب قرار دیا۔ اسی طرح انہوں نے عرب بہار سمیت مختلف اہم سیاسی معاملات میں بھی اہم کردار ادا کیا، جن میں2012ء کے مصری انتخابات بھی شامل تھے۔ یوسف ندا اخوان المسلمون کے بانی حسن البنا کے بیٹے سیف الاسلام البنا سمیت کئی عالمی رہنماؤں کے قریبی ساتھی تھے، جن میں ترک صدر رجب طیب اِردوان، سابق عراقی صدر صدام حسین بھی شامل ہیں۔
نائن الیون کے بعد الزامات
نائن الیون (11 ستمبر 2001) کے حملوں کے بعد، امریکا نے یوسف ندا پر القاعدہ کی مالی معاونت کا الزام عائد کیا مگر عدم شواہد کی وجہ سے یہ الزامات مسترد کر دیے گئے۔
اخوان المسلمون کا پیغام
اخوان المسلمون نے یوسف ندا کو اسلامی دنیا کے سب سے ثابت قدم اور صابر رہنما قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ یوسف ندا نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تنازعات کے علاوہ الجزائر کے سیاسی بحران کے حل کے لیے بھی ثالثی کی۔
یوسف ندا کی وفات کے بعد سعودی نیوز چینل العربیہ کے مطابق، لندن میں مقیم اسامہ فرید عبد الخالق کو اخوان المسلمون کے اقتصادی معاملات کا نیا ذمے دار مقرر کیا گیا ہے، جو یوسف ندا اپنی زندگی میں ادا کررہے تھے۔