فوجی تنصیبات پر حملوں کا مقدمہ بھی فوجی عدالتوں ہی میں چلایا جائے گا، وزیراطلاعات

117

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملے کی صورت میں ذمے داروں کا مقدمہ فوجی عدالتوں ہی میں چلایا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتوں کے معاملے کو سیاست کی نذر کر رہی ہے اور اسے غیر ضروری طور پر متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتیں صرف ان مقدمات کی سماعت کرتی ہیں جو دفاعی اداروں پر حملوں سے متعلق ہوں، جیسے کور کمانڈر ہاؤس اور دیگر واقعات۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایسے معاملات میں ملٹری ایکٹ کے تحت کارروائی کی جاتی ہے، بالکل اسی طرح جیسے ریلوے کی جائیداد پر جرم ہونے کی صورت میں ریلوے پولیس کارروائی کرتی ہے۔

عطا تارڑ نے تحریک انصاف پر الزام لگایا کہ وہ ماضی میں فوجی عدالتوں کی حمایت کرتی رہی، لیکن اب بیرون ملک ان عدالتوں کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے بیانات، جن میں وہ ملٹری کورٹس کی تعریف کرتے تھے، آج بھی ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں میں ملزمان کو فیئر ٹرائل کے تمام حقوق دیے جائیں گے، جن میں وکیل کی سہولت، اہل خانہ سے ملاقات اور فیصلے کے خلاف اپیل کا حق شامل ہے۔ یہ مجرم ہائی کورٹ تک بھی اپیل کا حق رکھتے ہیں، اس لیے یہ کہنا غلط ہے کہ ان عدالتوں میں انصاف کا خون ہوگا۔

عطا تارڑ نے تحریک انصاف سے مطالبہ کیا کہ وہ 9مئی کے واقعات کو غلط تسلیم کرے اور اپنے رویے میں تبدیلی لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں میں ہونے والے ٹرائلز ملکی قوانین اور عالمی ضوابط کے مطابق ہوں گے۔