مزدورعبدالغفارسولنگی انصاف کیلیے پریس کلب پہنچ گیا

24

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد کے علاقہ لطیف آباد یونٹ نمبر تین کے گوٹھ محبت ماچھی کے رہائشی مزدور عبدالغفار سولنگی نے حیدرآباد ریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10ماہ قبل ڈسٹرکٹ کونسل بدین کے چیئرمین اصغر ہالیپو ٹہ کے بنگلہ پر تعمیراتی کام کیلئے شیٹرنگ کی لکڑی لگائی تھی اور 60روپے فی فٹ پیمائش کے حساب سے ساڑھے آٹھ لاکھ روپے کی رقم مزدوری بنی تھی جس پر انہوں نے مجھے چار لاکھ روپے مزدوری دی اور جب میں نے بقایا ساڑھے چار لاکھ روپے طلب کیے تو انہوں نے کپری موری پولیس چوکی کے انچارج اے ایس آئی انور کلوئی کو بلوا کر مجھے چوکی پر لے جانے کے بعدسخت تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کردیا اورسول اسپتال سے علاج کرانے کے بعد جب میں دوبارہ اپنی شیٹرنگ کی لکڑی اور ساڑھے چار لاکھ روپے مزدوری کے لینے گیا تو کونسل چیئرمین اصغر ہالیپو ٹہ، ٹھیکیدار اشرف بھٹی اور انجینئر نعیم نے دوبارہ پولیس اہلکاروں کو بلوا کر مجھے دوبارہ نظر آنے کی صورت میں سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں غریب مزدور ہوں اور میرے گھر کا گزر بسر یہ شیٹرنگ کی لکڑیاں ہیں جس کی وجہ سے میں بے روزگار ہو گیا ہوں اور گھر میں فاقہ کشی جیسی صورتحال ہے ۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ مجھے تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کرنے کا نوٹس لے کر ڈسٹرکٹ کونسل بدین کے چیئرمین اصغر ہالیپو ٹہ کی جانب سے ضبط کی گئی میری 16لاکھ روپے مالیت کی شیٹرنگ کی لکڑی اور مزدوری کے ساڑھے چار لاکھ روپے سمیت دیگر سامان دلوا کر مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔