ترکیہ ، گولا بارود کی فیکٹری میں خوفناک دھماکہ،12افراد ہلاک

117

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکیہ میں گولا بارود بنانے والی ایک فیکٹری میں ہونے والے خوفناک دھماکے سے پورا علاقہ لرز اْٹھا اور خوفناک شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ ترکیہ کے صوبے بالی کیسر کے ضلع کریسی کے نواحی علاقے میں پیش آیا۔ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے کہا کہ شمال مغربی ترکیہ میں دھماکا خیز مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔ صدر رجب طیب اردوان نے دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جامع تحقیقات کا حکم دے دیا۔ دھماکے سے متاثر ہونے والا پلانٹ گولا بارود تیار کرتا ہے اور ترکیہ کی دفاعی صنعت میں ایک اہم حصہ ہے۔ یہ دھماکہ صوبہ بالی کیسر کے گاؤں کاواکلی کی فیکٹری میں ہوا ۔ مقامی گورنر کا کہنا تھا کہ اس دھماکے میں تخریب کاری کا کوئی شبہہنہیں ہے۔ مقامی حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کے عملے کے کئی اہلکار بھیجے گئے ہیں اور صحت اور سیکورٹی کے یونٹس کو بھی علاقے میں بھیج دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 23 اکتوبر 2024 ء کو ترک ائرو اسپیس انڈسٹریز (ٹی اے آئی) کے ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں کے حملے میں 5 افراد ہلاک اور 22 دیگر زخمی ہو گئے تھے، عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ انقرہ کے قریب اس مقام پر فائرنگ اور زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی تھی۔ صدر رجب طیب اردوان دھماکے کے وقت روس میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے ہلاکتوں کی تصدیق کی اور اسے گھناؤنا دہشت گرد حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی تھی۔