الخدمت آرفن کیئرکے تحت سندھ بھر میں قائداعظم ڈے کا انعقاد

42

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت حیدرآباد، سکھر، دادو، مٹیاری اور ٹنڈوآدم سمیت سندھ بھر میں موجود تمام کلسٹرز میں25 دسمبر کی مناسبت سے قائد اعظم ڈے منایا گیا۔ اس سلسلے میں تمام کلسٹر میں پروگرامات کا انعقاد کیاگیا، جس میں باہمت بچوں اور ان کی ماؤں نے شرکت کی۔ ان پروگرامات میں بچوں کے لیے ڈرائنگ اور تقریری
مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریری مقابلوں میں بچوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی شخصیت ان کی قربانیوں اور پاکستان کے قیام کے لیے ان کی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر اساتذہ کرام اور الخدمت کے ضلعی ذمے داران نے اپنے خطاب میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت اور اصولوں پر گفتگو کرتے ہوئے حاضرین کو بتایا کہ قائد اعظم کی انتھک محنت اور بصیرت کے باعث پاکستان کا خواب حقیقت میں بدلا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظم کی قیادت میں مسلمانوں کو نہ صرف اپنی شناخت ملی بلکہ ایک علیحدہ ریاست کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہو سکا۔ قائد اعظم نے ہمیشہ اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم پر زور دیا جو آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی بصیرت اور دانشمندی نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا اور آزادی کی جد و جہد میں کامیابی دلائی۔ پروگرام کے اختتام پر ڈرائنگ اور تقریری مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔