کوئٹہ‘ کراچی (آن لائن)بلوچستان میں شدید سردی کے باعث کوئٹہ میں سڑکوں پر کھڑا پانی جم گیا جب کہ زیارت میں درجہ حرارت منفی 10 تک گر گیا۔محکمہ موسمیات کے
مطابق گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 اور جیوانی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ اسی طرح نوکنڈی میں 2، چمن میں منفی ایک، سبی میں 3، تربت میں 8، زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 اور ژوب میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 اور قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں موسم صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہے گا جب کہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ دوسری جانب کوئٹہ میں صبح سویرے پھسلن کے واقعات میں متعدد موٹر سائیکل و سائیکل سوار گر کر زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق شدید ٹھنڈ کے باعث سڑکوں پر کھڑا پانی جم گیا ہے۔علاوہ ازیںشہر قائد میں معمول سے تیز سرد ہواؤں کے سبب سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ دن بھر 20 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت اصل درجہ حرارت سے 2 تا 4 درجے زیادہ محسوس ہو رہی ہے۔شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 اور کم سے کم 11 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔ واضح رہے کہ دسمبر کے آغاز سے ہی سرد ہواؤں نے کراچی میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور اب تک کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔