واشنگٹن:امریکا میں میکسیکو سے درآمد کیے جانے والے کھیروں سے سالمونیلا انفیکشن پھیلنے کی اطلاع دی گئی ہے، جس سے 23 ریاستوں میں کم از کم 100 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق کھیرے اور ان سے بنی اشیا جیسے ڈیلی ٹرے اور سلاد متاثرہ علاقوں میں وبا کا باعث بنے ہیں۔ اطلاعات کے بعد سن فیڈ پروڈیوس، بالوئن فارمز اور رس ڈیوس ہول سیل کی طرف سے فروخت کیے گئے یہ کھیرے واپس منگوا لیے گئے ہیں۔
وبا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی عمریں ایک سے 98 سال کے درمیان ہیں جب کہ 67 مریضوں میں سے 54 نے بیماری سے پہلے کھیرے کھانے کی تصدیق کی اور 25 افراد کو حالت تشویش ناک ہونے کے سبب اسپتال میں داخل کیا گیا، لیکن کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ وبا کے کیسز کی تعداد غیر تصدیق شدہ کیسز اور سالمونیلا کی ٹیسٹنگ کی کمی کی وجہ سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
علاوہ ازیں حکام نے 12 اکتوبر سے 26 نومبر کے درمیان تقسیم کیے گئے کھیروں کو مارکیٹ سے واپس منگوا لیا گیا ہے۔یہ کھیرے امریکا کی کئی ریاستوں اور کینیڈا کے کئی حصوں میں سپلائی کیے گئے تھے۔ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے تاکہ متاثرہ سپلائرز کی شناخت مکمل کی جا سکے۔
ساتھ ہی عوام کو مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ وہ متاثرہ بیچز سے تعلق رکھنے والے کھیرے نہ خریدیں اور نہ کھائیں۔