ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اسپیس پاکستان کیلیے ناگزیر ہیں، نوجوان حق کیلیے مزاحمت کریں، بلاول بھٹو

155
our youth towards extremism

سکھر:چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اسپیس پاکستان کے لیے ناگزیر ہیں، نوجوانوں کو چاہیے کہ حقوق کے تحفظ کے لیے مزاحمت کریں۔

آئی بی اے یونیورسٹی (سکھر) کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوجوان اپنے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل رائٹس کے تحفظ کے لیے حکومت کے کنٹرول کے خلاف مزاحمت کریں۔ نوجوانوں کی جدوجہد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اسپیس پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ اگر پاکستان کو ون ٹریلین ڈالر اکانومی بنانا ہے تو ڈیجیٹل حقوق اور ٹیکنالوجی کو آزادی دینی ہوگی۔حکومت ہر چیز کو اپنے کنٹرول میں لینا چاہتی ہے، لیکن نوجوانوں کو ان اقدامات کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قانونی، جمہوری اور پرامن جدوجہد کے ذریعے اپنی ڈیجیٹل آزادی حاصل کریں۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ہر نسل نے اپنے حقوق کے لیے قربانیاں دی ہیں، چاہے وہ انگریز کے دور کا سامراجی مقابلہ ہو یا جنرل ضیا اور جنرل مشرف جیسے آمروں کے خلاف مزاحمت۔بلاول نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ڈیٹا پرائیویسی، ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، اور ڈیجیٹل بل آف رائٹس جیسے معاملات پر اپنی تجاویز دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مل کر جدوجہد کریں گے اور اسلام آباد میں ان پالیسی سازوں کو سمجھائیں گے، جنہیں نہ سوشل میڈیا کی سمجھ ہے، نہ اسٹریمنگ ویب سائٹس اور نہ ہی گیمنگ کے بارے میں کوئی معلومات۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جدوجہد ایک بہتر، ترقی پسند اور آزاد ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے۔