چودھری شجاعت حسین نے درپیش مسائل کے حل کے لیے اہم تجویز پیش کردی

134

لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم پاکستان چودھری شجاعت حسین نے ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اہم تجویز پیش کرتے ہوئے ایک فورم تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ فوری طور پر ایک فورم تشکیل دیا جائے جو ملک اور عوام کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالے، صدر یا وزیراعظم فورم کی سربراہی کریں اور عسکری قیادت اور تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اس کا حصہ بنایا جائے۔

چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کو بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ملک میں دہشت گردی میں اضافہ اور اس کے نتیجے میں جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے، فورم باہمی مشاورت سے ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تجاویز مرتب کرے۔

صدر پاکستان مسلم لیگ کہا کہ ملک کو ابتر معاشی صورتحال کا سامنا ہے، پارہ چنار میں قتل و غارت کی وجہ سے حالات کشیدہ ہیں، ملک میں مہنگائی عروج پر اور توانائی کا بحران ہے۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے، مسائل کے حل کے لئے تمام فریقین کو مل بیٹھنے کی ضرورت ہے تا کہ مسائل کا حل نکالا جائے۔