کرنٹ لگنے سے بچے کی ہلاکت پر عدالت کا بڑا فیصلہ، کے الیکٹرک کو 48 لاکھ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

123

کراچی: کرنٹ لگنے سے بچے کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے مطابق عدالت نے کے الیکٹرک کو 48 لاکھ 19 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ یہ فیصلہ کمسن بچے اذان کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔

2017 میں کراچی میں بارشوں کے دوران کمسن اذان کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہوگیا تھا۔ وکیل ایڈووکیٹ عثمان فاروق نے عدالت کو بتایا کہ یہ واقعہ کے الیکٹرک کی غفلت کا نتیجہ تھا، کیونکہ ناقص انسولیٹڈ تاریں استعمال کی گئی تھیں، اور گارڈ وائرز نہ ہونے کے باعث یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

سینئر سول جج ایسٹ عنبرین جمال کی عدالت نے 6 سال بعد اس مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے کے الیکٹرک کے خلاف تاریخی حکم جاری کیا۔ عدالت نے کہا کہ کے الیکٹرک کی غفلت ثابت ہوچکی ہے اور کمپنی لواحقین کو 48 لاکھ 19 ہزار روپے کا ہرجانہ ادا کرے۔

ایڈووکیٹ عثمان فاروق نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ عدالت کے انصاف پر مبنی طریقہ کار کی مثال ہے۔ لواحقین کے درد اور اذیت کو تسلیم کیا گیا اور انہیں ان کے حق کے مطابق انصاف دیا گیا۔