کراچی: سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اب لائن پر آگئی، ہر مسئلے کا حل مذاکرات میں ہی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کل اپوزیشن کے ساتھ اچھے ماحول میں بات ہوئی،سراہنا چاہیے، پیپلز پارٹی پہلے دن سے کہہ رہی ہے ہر مسئلے کا حل ڈائیلاگ سے ہوتا ہے،تحریک انصاف پہلے کہتی تھی اس سے نہیں دوسرے سے بات چیت کریں گے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کورکمانڈر ہاس،جی ایچ کیو اوردیگر جگہوں پر گھسیں گے تو وہاں کی فورس الگ ہوتی ہے، جی ایچ کیو ،کورکمانڈر ہاس میں ملٹری پولیس ہوتی ہے، اگر ریاستی ادارے کی تنصیبات کی توڑ پھوڑ کریں گے تو کیس ان کی ہی عدالت میں چلے گا، کوئی میرے گھر میں توڑ پھوڑ کرے گا تو میرا قانون ہی چلے گا ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اب لائن پر آگئی ہے، پی ٹی آئی کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،دیر آئے درست آئے، جو 9مئی واقعات میں شریک جرم رہے وہ غلطی کا خمیازہ بھگتیں، یہ نہیں ہوسکتا کسی ایک شخص کو گرفتار کرلیا جائے تو آپ ملک کو آگ لگانے کی کوشش کریں۔
پی پی رہنما نے کہا کہ نہیں چاہتے کہ سیاستدانوں کے کیسز ملٹری کورٹس میں چلیں، کسی مجرم نے دہشتگردی کی ہے اوراسی زمرے میں آتی ہے تو کیس ملٹری کورٹ میں ہی چلے گا۔