حکومت اور اسٹیٹ بینک نے بدھ کو عام تعطیل کا اعلان کردیا

247

کراچی:حکومت اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے بدھ کے روز تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے 25 دسمبر 2024ء کو یومِ قائدِاعظم اور کرسمس کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر، بینک اور مالیاتی ادارے بند رہیں گے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی حکومتی فیصلے کے مطابق 25 دسمبر کو بینک تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ 

یوم قائداعظم کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، جہاں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی پاکستان بنانے کے لیے تاریخی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ اسی طرح ملک سے باہر رہنے والے پاکستانی بھی اس دن کے حوالے سے مختلف پروگرامز کا انعقاد کرتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ 25 دسمبر کو مسیحی برادری کرسمس کا تہوار جوش و خروش سے مناتی ہے، جو ان کے مذہبی عقیدے کا اہم حصہ ہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے 27 دسمبر کو سابق وزیراعظم پاکستان بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس روز صوبے میں تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے، تاہم بینک اور دیگر نجی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔