عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس کا محفوظ فیصلہ آج سنانے کا اعلان موخر کر دیا گیا

119

اسلام آباد: احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ آج سنانے کا اعلان موخر کردیا۔ 

 احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس کا فیصلہ ابھی تحریر کیا جا رہا ہے، اور بہت جلد اس فیصلے کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس کی سماعت کے دوران بتایا کہ کیس کا فیصلہ تحریر کیا جا رہا ہے اور جلد ہی نئی تاریخ سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

دوران سماعت وکیل خالد چوہدری نے استفسار کیا کہ ہم توقع کر رہے ہیں آج فیصلہ آئے گا۔

واضح رہے کہ 18 دسمبر کو احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا، جس کے بعد 23 دسمبر کو فیصلہ سنانے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔