اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)جنوبی وزیر ستان میں خوارجیوں کے حملے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ بنوں کینٹ میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مکیں میں ایک روز قبل سیکورٹی فورسز کے 16 جوانوں نے چیک پوسٹ پر خوارج کا بڑا حملہ ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔ شہدا میں شامل جمرود
کے رہائشی سول کیمرہ ٹیکنیشن وقاص احمد شہید کی نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور، پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم اور حوصلے کو دوام بخشتی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز خوارج نے مکین میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی جسے فورسز نے ناکام بناتے ہوئے 8 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 16 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کیخلاف عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔