پنجاب سے 41ضروری آئٹمز کی دوسری کھیپ پارا چنا روانہ

40

لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ادویات اور ضروری سامان سمیت 41 ضروری آئٹمز کی دوسری کھیپ پارا چنا روانہ کردی گئی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مزید 5ٹرک کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کا حکم دے دیا۔مریم نواز نے پاراچنار کے عوام کے رابطہ کرنے پر 19دسمبر کو کابینہ اجلاس میں ادویات اور دیگر ضروری سامان بھجوانے کی ہدایت کی تھی، صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیراورسیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ادویات کی پاراچنار منتقلی کے عمل کی نگرانی کی۔حکام کے مطابق مزید ادویات پاراچنار بھجوائی جارہی ہیں، ضروری ادویات میں انسولین، کتے کے کاٹنے کی ویکسین، جان بچانے والی دیگر ادویات اور ضروری سامان سمیت24آئٹمز شامل ہیں، اب تک ضروری ادویات کے 12بڑے
کاٹن پاراچنار پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید ادویات کی ترسیل کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پرپاراچنار کی بزرگ مریضہ کو فوری آپریشن کے لیے پنجاب ائرایمبولینس سروس کے ذریعے اسلام آباد منتقل کردیا گیا، ضلع کرم سے تعلق رکھنے والی 60سالہ مریضہ کے بیٹے ذیشان حید ر نے وزیر اعلی مریم نوازشر کا شکریہ ادا کیا اور ائر ایمبولینس سروس کو سراہا۔مریم نواز نے کہا کہ کرم کے عوام مشکل میں ہیں، یہ سیاست نہیں خدمت کا وقت ہے ،دعا ہے حالات جلد نارمل ہوں اور زندگی اپنی معمولات کی طرف لوٹ آئے، پارا چنار کے عوام ہمارے اپنے ہیں، مصیبت اور مشکل میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے، عوام کی ضرورت کے مطابق موبائل ہیلتھ یونٹ بھی کرم بھیجا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو مزید مریضوں کو پاراچنار سے ائر ایمبولینس سروس کے ذریعے راولپنڈی منتقل کیا جائے گا، قائد نوازشریف نے مجھے خصوصی طور پر پاراچنار کے لوگوں کی مدد کی ہدایت کی ہے، پارا چنار کے بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔