شکارپور: ہلالِ احمر اور سپورٹ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے سلائی مشینیں تقسیم

90

شکارپور (نمائندہ جسارت) چیف سردار جاگن خان بھیو نے خواتین کی ترقی اور انہیں با اختیار بنانے کے لیے اہم قدم کے طور پر پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (ہلالِ احمر) اور سپورٹ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ ڈونیشن مہم میں شرکت کی، اس موقع پر خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہم کا مقصد مختلف علاقوں کی خواتین کو سلائی کے ہنر کی تربیت فراہم کرنا تھا، تربیت مکمل کرنے کے بعد ان خواتین کو نئی سلائی مشینیں دی گئیں تاکہ وہ مالی طور پر خود مختار اور اپنے خاندانوں کی خوشحالی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (شکارپور چیپٹر) کے چیئرمین آغا منیر خان کی خدمات کو سراہا، جنہوں نے 2021 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد عوام کی فلاح و بہبود کے لیے انتھک محنت کی ہے۔ تقریب سے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ہلالِ احمر کے چیئرمین آغا منیر پٹھان نے کہا کہ ریڈ کریسنٹ کے عالمی دن کی مناسبت سے مختلف گاؤں کی خواتین میں مشینیں تقسیم کی گئیں، جن میں جان محمد لاشاری، قیصر خان بروہی، محمد نواز مگسی، ابدال اور بید کھمن کے 50 مستحق خواتین میں سلائی مشینوں کے ساتھ ساتھ 15 ہزار روپے تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں بورڈ کے ممبر یحییٰ سومرو، ڈاکٹر دلیپ کتھری سمیت سپورٹ اور دن فاؤنڈیشن سمیت ریڈ کریسنٹ کے رضاکاروں نے شرکت کی۔