بینظیر برسی، کمشنر لاڑکانہ کا بغیر ٹرپنگ بجلی فراہم کرنے کا حکم

45

قنبر علی خان / لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں کمشنر لاڑکانہ غلام مصطفی پھل کی زیر صدارت گڑھی خدابخش بھٹو میں انتظامی افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی لاڑکانہ شرجیل نور چنا، ایس ایس پی اسپیشل برانچ، اے سی رتو ڈیرو امیر علی میرانی، حافظ مشتاق کوریجو سمیت پبلک ہیلتھ، ڈی ایچ او، ایس اے سیپکو، بلڈنگز، روڈز سمیت ضلع کے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر لاڑکانہ نے سیپکو کو بجلی بغیر ٹرپنگ اور لوڈ شیڈنگ کی فراہمی کو یقینی بنانے کا حکم دیا اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ مزار کے اندر اور باہر پینے کے پانی کی فراہمی کو ہر وقت یقینی بنائیں تاکہ ملک کے کونے کونے سے آنے والے لاکھوں لوگوں کو پانی کی سہولت میسر آسکے۔ محکمہ روڈز کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ جہاں جہاں کام کی ضرورت ہو سڑکوں کو بہتر اور بروقت مکمل کریں۔ نیو ڈیرو، رتو ڈیرو، بنگل ڈیرو، گڑہی خدابخش بھٹو اور مزارِ شہداء کو آنے والی سڑکوں پر صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے، برسی کے موقع پر ملک کے کونے کونے سے پارٹی کارکنان گڑھی خدابخش پہنچیں گے، جس کے لیے پارکنگ کے بہتر انتظامات کیے جائیں تاکہ آنے اور جانے میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو اور ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔