ٹنڈو آدم (پ ر) دینی مدارس پر اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کا موقف مضبوط ہے، حکومت کی جانب سے مثبت رویے کا خیر مقدم کرتے ہیں، طاہر اشرفی چادر دیکھ کر پائوں پھیلائیں، تنظیم تحفظ ناموس خاتم الانبیاء پاکستان کے سربراہ مفتی محمد طاہر مکی نے مولانا فضل الرحمن اور وزیراعظم کی دینی مدارس بل پر ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ دماغ ہر ایک کو دیتا ہے لیکن اس میں عقل کسی کسی کو دیتا ہے، قائد جمعیت نے جس عقل و خرد کے ساتھ مدارس کا دفاع کیا، اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور طاہر اشرفی نیجو ’’اشرفیاں‘‘ خریدیں وہ دنیا نے دیکھ لیں، اس پر ہم کیا کہیں؟ مفتی طاہر مکی کا کہنا تھا کہ طاہر اشرفی نے بلاوجہ قائد جمعیت اور اتحاد مدارس دینیہ کے مقابل آکر رسوائی حاصل کی جب طاہر اشرفی کا یہ مطالبہ تھا کہ جو مدرسہ جس نصاب یا جس وفاق کے ساتھ ملحق ہونا چاہیے ہو جائے تو اتنی اچھل کود کی کیا سستی شہرت مقصود تھی؟ مفتی طاہر مکی نے کہا کہ طاہر اشرفی کی جانب سے مدارس ایکٹ پر بحث کی ویڈیو جس ایپ پر بھی ڈالی گئی ہے، اس پر کمنٹ دیکھنے سے ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ طاہر اشرفی کی اُمت مسلمہ میں کیا حیثیت ہے؟ اُمت مسلمہ اپنے اکابرین قائد وفاق المدارس اور اتحاد تنظیمات مدارس شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی، قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن، مفتی منیب الرحمن کے ساتھ ہے، اس لیے گزشتہ روز وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان مدارس دینیہ پر مثبت انداز میں ہونے والے مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہیں، اُمید ہے کہ حکومت اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کے مطالبات پر فوری عملدرآمد کرکے ملک میں پائے جانے والے خلفشار کو دور کرے گی۔