سکھر (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر برائے توانائی، منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ملک بہتری کی طرف جا رہا ہے، پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، لوگ سوشل میڈیا کی خبروں پر دھیان نہ دیں۔ پنوعاقل کیڈٹ کالج میں گیارہویں سالانہ یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان میں ایس سی او سمیت کئی بین الاقوامی ایونٹس ہوئے ہیں، جن میں سربراہان مملکت اور اعلیٰ وفود نے شرکت کی، دنیا جانتی ہے کہ پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، اس لیے اب ملک میں سرمایہ کاری بھی آرہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم والدین کی تقریب کیڈٹز کے والدین کے لیے بڑا دن ہوتا ہے جو کیڈٹز کے لیے بھی فخر کی بات ہے، کیونکہ کیڈٹ کالج میں ان کا داخلہ ان کی قابلیت، جذبے اور ان کے والدین کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا بھی کیڈٹ رہا ہے، یہ کیڈٹز ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، ان کیڈٹز نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کے تمام کیڈٹ کالجز کو بھرپور انداز میں سپورٹ کر رہی ہے تاکہ نئی نسل کو معیاری تعلیم کے مواقع مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 2008 میں جب میں ضلع ناظم تھا تو ڈسٹرکٹ کونسل نے پنوعاقل میں کیڈٹ کالج قائم کیا تھا، اس کالج کے قیام میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ مرحوم سردار علی محمد خان مہر کی بھی کاوشیں شامل ہیں، جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کالج کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پہلے بھی پنوعاقل کیڈٹ کالج کو سپورٹ کیا اور مزید سپورٹ کرے گی، بطور وزیر توانائی کیڈٹ کالج کی سولرائزیشن کااعلان کرتا ہوں، کالج میں مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیر اعلیٰ سے گزارش کروں گا۔