لمس کی جانب سے 26 دسمبر کو مفت کیمپ لگایا جائے گا

49

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ہیڈ آف آرتھو پیڈک ڈپارٹمنٹ ٹراما سینٹر حیدرآباد پروفیسر فہیم احمد میمن نے کہا ہے کہ ڈپارٹمنٹ آف آرتھوپیڈک سرجری ٹراما سینٹر لمس لیاقت یونیورسٹی اسپتال کی جانب سے 26 دسمبر کو سی آئی اے سینٹر کے برابر میں واقع ٹراما سینٹر حیدرآباد میں پیدائشی طور پر ٹیڑھے پائوں کے علاج کے لیے مفت طبی کیمپ لگایا جا رہا ہے جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر (لمس) پروفیسر ڈاکٹر اکرام الدین اُجن ہوں گے اور وہ پیدائشی ٹیڑھے پائوں کے حوالے سے ایک کلینک کا افتتاح بھی کریں گے۔ ڈاکٹر فہیم احمد میمن نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس مرض کے حوالے سے ایک آگاہی پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا جبکہ مذکورہ کیمپ میں صبح 9 سے 12بجے تک پیدائشی ٹیڑھے پائوں میں مبتلا مریض بچوں کا چیک اپ کرنے کے ساتھ ساتھ باقاعدہ ایسے مریض بچوں کا علاج بھی شروع کیا جائے گا اور کیمپ کے بعد اس مرض کے حوالے سے ڈاکٹرز اور عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے پروگرام بھی منعقد کیا گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر فہیم احمد میمن نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کیمپ سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں اور اگر کسی بچوں کے پیدائشی طور پر پائوں ٹیڑھے ہیں تو وہ والدین اپنے بچوں کو کیمپ پر لے کر آئیں کیونکہ پیدائشی ٹیڑھے پائوں کا علاج آسان طریقے سے موجود ہے۔