سندھی قوم کے نمائندے حق چھین رہے ہیں، ایس یو پی

44

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) دریائے سندھ سے ممکنہ طور پر 6 کینال نکالے جانے اور سندھ کے پانی پر ڈاکے کیخلاف سندھ یونائٹیڈ پارٹی کی جانب سے پریس کلب کے سامنے گزشتہ روز شروع کی گئی 24 گھنٹے کی بھوک ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی۔ اس سلسلے میں لگائے گئے بھوک ہڑتالی کیمپ پر ایس یو پی کے سینئر نائب صدر روشن علی برڑو، نائب صدر امیر آزاد پنہور، منیر نائچ ، مرکزی جنرل سیکرٹری جگدیش آہوجا، جوائنٹ سیکرٹری رمضان برڑو، مختار میمن، منور خاصخیلی، دریا خان لغاری اور دیگر پارٹی رہنماؤں سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں علامتی بھوک ہڑتال میں شرکت کی۔ اس موقع پر روشن علی برڑو اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے دریا ئے سندھ پر نئے کینال بنانے کے خلاف سندھ کے عوام میں آگاہی پیدا کر رہے ہیں اور سندھی قوم کو بتانا چاہتے ہیں کہ تمہارے منتخب کیے گئے نمائندے تمہارے حقوق کا تحفظ کرنے کے بجائے تمہارا حق چھین رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے رہنما دریائے سندھ پر 6 نئے غیر قانونی کینال نکالنے کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں، سندھی عوام کو ایس یو پی کی جدوجہد میں حمایت کرنا چاہیے تاکہ سندھ کو بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت دریائے سندھ پر ڈاکا ڈال کر ظلم و زیادتی کر رہی ہے۔