حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) بلاول میڈیکل کالج فار بوائز کا پہلا کانووکیشن گزشتہ روز لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز لمس جامشورو میں منعقد ہوا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے لمس کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اجن نے کہا کہ آج بلاول کے پہلے بیچ کے ایم بی بی ایس کے کل 98 گریجویٹز نے شرکت کی، شاگردوں کو ڈگریوں سے نوازا گیا۔ بلاول میڈیکل کالج فار بوائز کا قیام ضروری عمل تھا جو سب کی محنتوں کا نتیجہ ہے، یہ ہمارے سندھ میں میڈیکل کی تعلیم کو وسعت دینے اور خواہشمند ڈاکٹروں کو مواقع فراہم کرنے کے عزم کا ثبوت ہے۔ اس انسٹی ٹیوٹ کا تصور میڈیکل کی تعلیم میں لڑکوں کو مزید بہتر تعلیم دینے کا مقصد تھااور انہیں یہ دیکھ کر فخر ہے کہ گریجویٹس کی پہلی کھیپ نے اپنی عملی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔بلاول میڈیکل کالج اس خطے کی طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی ہماری کوششوں میں ایک اہم ادارے کے طور پر اُبھرا ہے، اس کالج کا قیام سابق وائس چانسلر لمس پروفیسر ڈاکٹر نوشاد اے شیخ نے آگے بڑھنے کے لیے شروع کیا تھا۔ معیاری تعلیم فراہم کرنے اور ہنر مند ڈاکٹروں کو تیار کرنے کے اپنے عزم کو پورا کرنے میں جو اس ملک کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں بامعنی کردار ادا کر سکیں۔یہ بات قابل تعریف ہے کہ سابق وائس چانسلر لمس پروفیسر ڈاکٹر بکھا رام دیوراجانی کی اپنے دور میں بلاول میڈیکل کالج کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ سول اسپتال کوٹری کو اپ گریڈ کر کے بلاول میڈیکل کالج اسپتال بنانے کے لیے ایک کارنامہ ہے جس سے دُکھی انسانیت کو سہولیات ملی۔ لیاقت انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز ٹھٹھہ ایک اچھی کاوش ہے جو اس خطے کی تاریخ میں سنہرے الفاظ سے لکھا جائے گا کیونکہ لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نے سندھ کے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے رسائی حاصل کی ہے۔ ٹھٹھہ کے اسپتال کو تدریسی اسپتال میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور اس علاقے کے بیمار طبقے کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔مہمان خصوصی سابق وائس چانسلر لمس پروفیسر ڈاکٹر نوشاد اے شیخ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلاول میڈیکل کالج کا قیام ان کے وائس چانسلر کے دور میں ملک میں مرد ڈاکٹروں کی کمی کو دور کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو اس صوبے میں تعلیم اور صحت کے لیے بہت کام کر رہی ہے جو ایک اچھا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول میڈیکل کالج کا کانوکیشن دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔مہمان خصوصی، سابق وائس چانسلر لمس، پروفیسر بکھا رام دیوراجانی نے اظہار خیال کیا کہ بلاول میڈیکل کالج نے صوبے کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ طبی تعلیم میں اعلیٰ کارکردگی کے لیے ادارے کا عزم اور ہنر مند اور ہمدرد ڈاکٹروں کی تیاری پر اس کی توجہ ہمارے ملک کی صحت کی دیکھ بھال کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع چیرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کا پیشہ ہمیشہ سے کمانڈنگ اور تقاضا کرتا رہا ہے، اس لحاظ سے کہ یہ پیشہ انسانی زندگی سے متعلق ہے اور اس طرح اس کو دیگر تمام پیشوں پر برتری حاصل ہے۔ گریجویٹس وہ فیلو ہیں جو عاجزی اور ہمدردانہ رویے کے ساتھ اپنی مہارت کو بروئے کار لا کر لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ ان کی کامل توجہ ایک جان بچا سکتی ہے اور تھوڑی سی لاپرواہی کسی کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اہم موقع پر امید ہے کہ نئے تیار ہونے والے ڈاکٹرز ہمارے ملک کی بیمار اور کسان آبادی کے دکھوں کا احساس کریں گے اور اپنے آپ کو قوم کی خدمت کے لیے تیار کریں گے۔