کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے انتخابات سال برائے 2025-2026ء بروز اتوار ،22 دسمبر 2024ء کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ہوں گے ، ووٹ ڈالنے کا عمل دوپہر 12 بجے شروع کردیا جائے گا جو رات 8بجے تک جاری رہے گا جبکہ رات 8 بجے تک آرٹس کونسل کے احاطے میں موجود ممبران اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل ہوں گے۔ آرٹس کونسل میں ممبران کی سہولت کے لیے ووٹ کی معلومات کے لیے کمپیوٹرائزڈ ڈیسک قائم کیا جائے گا جس کے ذریعے وہ ممبران جن کے پاس ممبر شپ کارڈ نہیں وہ اپنے قومی شناختی کارڈ کے ذریعے ووٹ کی تصدیق کرواکر ووٹ ڈال سکیں گے۔ علاوہ ازیںآرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ہونے والے الیکشن سال برائے 2025-2026ء میں حصہ لینے والے احمد شاہ۔ اعجاز فاروقی پینل کے اعزاز میں احبابِ احمد شاہ اور اہلیان سوسائٹیز کی جانب سے عشائیہ کا اہتمام یونین کلب پی ای سی ایچ ایس کراچی میں کیاگیا جس میں ہزاروں ممبران نے شرکت کی۔ محمد احمد شاہ نے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آرٹس کونسل کا قیام 1954ء میں ہوا، فیض احمد فیض، صادقین گل جی سمیت کئی معروف شخصیات نے آرٹس کونسل کو بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔یہاں شیکسپیئر کا پلے بھی ہوا، مجھے یقین ہے 99 فیصد لوگ ہمارے ساتھ ہیں، میں سوچ سمجھ کر پینل بناتا ہوں، اس بار بھی ہمارا پینل مضبوط ہے، ہم ضرور بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔