پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے جلد اچھی خبر دیںگے، عبدالعلیم خان

79

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ یورپ کیلئے پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پروازوں کا آغاز خوش آئند امرہے، یہ فلائٹ آپریشن اس ادارے کی نجکاری کیلیے سنگ میل ثابت ہوگا، جلد ہی پی آئی اے کو برطانیہ اور امریکا میں بھی آپریشنل کرنے کی خوشخبر ی ملے گی۔ پی آئی اے کی
نجکاری کی اب تک کی پیشرفت پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اب لوگوں کو یقین ہو گیا ہے کہ وہ یورپ کیلیے پی آئی اے میں سفر کر سکیں گے۔وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشا اللہ جلد ہی پی آئی اے کو برطانیہ اور امریکا میں بھی آپریشنل کرنے کی خوشخبر ی ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں حائل مختلف مسائل دور ہو چکے، اب تیزی سے مراحل طے ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی فروخت کیلیے آئی ایم ایف نے دو اہم ایشوز کو منظور کر لیا ہے، نئے جہازوں کی خریداری پر 18فیصد سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے تمام نقصانات کو ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کر یں گے، پاکستان انٹرنیشنل ائر لائنز کو کسی پرانی واجب الادا رقم کے بغیر فروخت کریں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ان اصلاحات کے بعد ’’سرمایہ کار ‘‘کے لیے پی آئی اے کی خریداری زیادہ پر کشش ہو جائے گی، پی آئی اے کی نجکاری کیلیے امور تیزی سے نمٹا ئے جا رہے ہیں، جلد اچھی خبر ملے گی۔