جنوبی وزیرستان ،دہشت گردوں کے حملے میں 16 فوجی شہید:افغانستان سے دراندازی ناکام،4 عسکریت پسند ہلاک

76

راولپنڈی (صباح نیوز،آن لائن)سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے ایک گروپ کی جانب سے سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے میں قائم سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 16جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے، اس گھنائونے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔قبل ازیںسکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی،آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ، افغان سرحد پر 19/20 دسمبر کی رات خارجیوں کے گروپ نے درانداز ی کی کوشش کی
،سیکورٹی فورسز کے دستوں نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا اورخیبر ڈسٹرکٹ کے جنرل علاقے راجگال میں ان کیخلاف مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 4خارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے بہادر سپاہی عامر سہیل آفریدی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نو ش کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کیخلاف دہشت گردی کی کاروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔