حافظ نعیم کی کارکنوں کو بڑی کال کیلیے تیار رہنے کی ہدایت

175
Any political party's tactics

کراچی:جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کارکنان کو بڑی کال (تحریک) کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیتے ہوئے گلی محلوں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ 

حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ  26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ اور ججوں کو حکمرانوں کی گرفت میں دے دیا گیا ہے، جس سے انصاف کا نظام مفلوج ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں مقدمات تاخیر کا شکار ہیں اور غریب عوام کو انصاف فراہم نہیں کیا جا رہا۔ جماعت اسلامی، ملک میں عدل و انصاف کے قیام کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ 

انہوں نے حکومت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ کی گئی تو جماعت اسلامی سڑکوں پر احتجاج کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کا احتجاج جاری رہے گا اور حکومت کو ان مسائل کے حل کے لیے جاگیرداروں پر ٹیکس عائد کرکے چھوٹے کسانوں کو ریلیف دینا ہوگا۔ 

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ 25 دسمبر سے کسانوں کے حقوق کے لیے ایک تحریک کا آغاز کیا جائے گا، جس میں چھوٹے کسانوں کے مسائل حل کرنے اور ان کے لیے مراعات فراہم کرنے پر زور دیا جائے گا۔ 

انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنوں سے کہا کہ وہ بڑی کال کے لیے تیار رہیں اور مقامی سطح پر عوام کو متحرک کرنے کے لیے گلی اور محلوں میں کمیٹیاں تشکیل دیں۔