جنوبی وزیرستان: سکیورٹی چیک پوسٹ پرحملہ، 16 اہلکارشہید، 8 دہشت گرد ہلاک

191
16 officials martyred, 8 terrorists killed

جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے میں 16 اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 8 خوارج ہلاک کردئے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 اور 21 دسمبر کی درمیانی شب خوارج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے جنرل ایریا میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

حملے کی اس کوشش کو فورسز نے مؤثر طریقے سے ناکام بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ خوارج کو ہلاک کردیا۔تاہم، اس شدید فائرنگ کے تبادلے مٹی کے سولہ بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔

آئی اسی پی آر کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔