قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم تیز ترین 6 ہزار رنز کا ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق بابراعظم کل جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں بین الاقوامی ایک روزہ کرکٹ فارمیٹ میں تیز ترین 6 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ یہ موقع انہیں بھارتی بیٹر ویرات کوہلی اور جنوبی افریقی بیٹر ہاشم آملہ کے ریکارڈز کو توڑنے کا سبب بنے گا۔
تیز ترین6 ہزار رنز
اس وقت تیز ترین6 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقی بیٹر ہاشم آملہ کے پاس ہے، جنہوں نے 123 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔ بابر اعظم اس وقت 119 اننگز میں5905 رنز کے ساتھ ریکارڈ کے قریب ہیں اور انہیں یہ سنگ میل عبور کرنے کے لیے صرف 95 رنز کی ضرورت ہے۔ مقابلے میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے 136 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
مہندرا سنگھ دھونی کا ریکارڈ
جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں نصف سنچری اسکور کر کے بابر اعظم نے سابق بھارتی وکٹ کیپر اور بیٹر مہندرا سنگھ دھونی کا ایک اہم ریکارڈ توڑ دیا تھا۔ انہوں جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا) کے خلاف سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن کر یہ اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
بابراعظم کے کارنامے
بابر اعظم کے کرکٹ کیریئر کے اعداد و شمار بھی قابل تعریف ہیں۔ وہ اب تک 300 سے زائد بین الاقوامی میچز کھیل چکے ہیں، جن میں ان کے 14,000 سے زائد رنز شامل ہیں۔ ان کے کھاتے میں31 شاندار سنچریاں اور 95 نصف سنچریاں بھی موجود ہیں، جو انہیں موجودہ دور کے عظیم بلے بازوں میں شمار کرتی ہیں۔