ملک کی ترقی کو ہم نے اپنے ہی ہاتھوں سے روکا ہوا ہے: کامران ٹیسوری

116
changing world

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کو ہم نے اپنے ہی ہاتھوں سے روکا ہوا ہے۔

گورنر ہاؤس کراچی میں داؤد یونیورسٹی کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آج 77 سال گزرنے کے باوجود بھی ترقی کی منازل طے نہیں کر سکے، ملک کی ترقی کو ہم نے اپنے ہی ہاتھوں سے روکا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں قاتل ڈمپر شہریوں کو کچلتے جا رہے ہیں،  کراچی کچرے سے بھرا پڑا ہے، کراچی میں اتنا پانی آرہا ہے کہ اسے بھرنے جا رہا ہوں، گیس اتنی آ رہی ہے کہ ماؤں نے چولہے جلا چھوڑے ہیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اب بھی ہم منتظر ہیں کہ کوئی آئے اور ملک کے حالات بہتر ہوں،یہاں ترقی کی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی ہے، آج تک اس ملک میں کسی کو پورا انصاف نہیں ملا۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ یہ ملک وسائل سے بھرا ہوا ہے مگر صلاحیتوں سے مالا مال کراچی کے نوجوانوں کو 50 ہزار روپے کی نوکری تک نہیں مل رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج 9 مئی کے کرداروں کو سزائیں ہوئی ہیں، اصل سزائیں تو اس سیاسی جماعت کی لیڈر شپ کو ہونی چاہئیں جنہوں نے نوجوانوں کو آگے کر دیا۔