ملٹری کورٹ نے سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرمان کو سزائیں سنادی

129

راولپنڈی: انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کے مطابق سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرموں کو سزائیں سنا دی گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرموں کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی جانب سے سزائیں سنائی گئی ہیں، یہ فیصلے فوجی عدالتوں کے پہلے مرحلے میں دیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرمان کو سزائیں تمام شواہد کی جانچ پڑتال اور مناسب قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد سنائی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث جان محمد خان اور محمد عمران محبوب کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی ہے۔ اسی طرح جی ایچ کیو پر حملے میں ملوث راجہ محمد احسان، پنجاب رجمنٹل سینٹر مردان حملے میں ملوث رحمت اللہ اور پی اے ایف بیس میانوالی حملے میں ملوث انور خان کو بھی 10،10 سال قید بامشقت کی سزا دی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کینٹ حملے میں ملوث محمد آفاق خان کو 9 سال قید اور چکدرہ قلعہ حملے میں ملوث داؤد خان کو 7 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔